فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف جاری مہم مزید تیز کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں انفورسمنٹ ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمرشلائزیشن پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور رہائشی جائیدادوں کی کمرشلائزیشن کی صورت میں مقررہ واجبات اور عائد کردہ جرمانوں کی وصولی کے لیے موثر اقدامات کریں۔ان امور پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹرز ٹائون پلاننگ اسما محسن، افنان سعید سندھو، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس عدنان شہزاد، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے کچی آبادیوں سمیت ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں جائیدادوں کی غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف جاری مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ رہائشی جائیدادوں کو کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے معاملات کو قانونی دائرے میں رکھنے کے لیے محکمانہ اقدامات میں کسی قسم کی نرمی یا تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے جائیدادوں کی کمرشلائزیشن کے لئے موصول ہونے والی درخواستوں کو تیز رفتاری سے نمٹانے کی ہدایت کی اور کہا کہ درخواست گزاروں کو سہولت اور مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ وہ مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق اپنی جائیدادوں کی کمرشلائزیشن کا عمل بروقت مکمل کروا سکیں۔




