لاہور(بیورو چیف)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان ریلویز کوچز کی دیکھ بھال، ضروری پرزہ جات کی خریداری اور دستیاب وسائل کے موثر استعمال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران کوچز کے ضروری پرزہ جات کی بروقت خریداری نہ کیے جانے پر وفاقی وزیر نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کی منظوری کے باوجود سرکاری سطح پر ( جی ٹی جی )خریداری کا عمل مکمل نہیں کیا گیا جس پر وفاقی وزیر نے سرکاری امور میں رکاوٹ ڈالنے کے معاملے کی اعلی سطحی انکوائری کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں چیئرمین ریلوے کو انکوائری کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ ذمہ داران کا تعین کرکے مناسب کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان ریلویز نے مجموعی طور پر 1,326 کوچز کا ہیلتھ اینالسز مکمل کر لیا ہے۔ مزید برآں، نظام سے ڈمی کوچز ختم کر دی گئی ہیں۔ واضح کیا گیا کہ ایسی کوچز کو دوبارہ نظام میں شامل کرنے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں جرمن ساختہ کوچز کی ریفربشمنٹ کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ دستیاب کوچز کو قابلِ استعمال بنا کر مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وفاقی وزیر ریلوے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرکاری امور میں شفافیت، بروقت فیصلوں اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے اور ریلوے کے وسائل کے موثراستعمال کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔




