فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے ڈاکٹر نجمہ افضل خان کو پنجاب کی وومن محتسب مقرر کیے جانے پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جسے FWCCIاور پنجاب کی خواتین کے لیے باعثِ فخر قرار دیا گیا ہے۔ یہ بات مسز شاہدہ آفتاب، صدر فیصل آباد وومن چیمبر اور مسز روبینہ امجد، بانی صدر فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے آج یہاں کہی۔صدر فیصل آباد وومن چیمبرنے پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے کہ ڈاکٹر نجمہ افضل خان طویل عرصے سے فیصل آباد وومن چیمبر کی رہنمائی اور معاونت کرتی رہی ہیں۔ ان کی اس اہم آئینی و قانونی ذمہ داری پر تقرری فیصل آباد وومن چیمبراور پنجاب کی خواتین کے لیے باعثِ فخر ہے۔ صحت کے شعبے میں قیادت، فلاحی خدمات، عوامی خدمت اور خواتین کی فلاح کے لیے ان کی نمایاں خدمات انہیں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نہایت موزوں بناتی ہیں۔اس موقع پر مسز روبینہ امجد نے کہا کہ ڈاکٹر نجمہ افضل خان کی خدمات فیصل آباد وومن چیمبراور خاص طور پر فیصل آباد کی کاروباری برادری کے لیے انتہائی قیمتی ہیں۔بطور مہمانِ خصوصی ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے پرتپاک استقبال، حوصلہ افزائی اور نیک تمناں پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے محترمہ مریم نواز کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں اس اہم عہدے پر مقرر کیا۔انہوں نے کہا کہ وومن محتسب کا ادارہ 2013 میں قائم کیا گیا جس کا مقصد ”کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسانی سے تحفظ ایکٹ 2010 کے تحت خواتین کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک باصلاحیت ٹیم موجود ہے اور انہوں نے اپنا پہلا حکم جاری کیا ہے کہ ہر سرکاری و عوامی ادارے میں ہراسگی کے معاملات سے نمٹنے کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی قائم کی جائے جس میں کم از کم ایک خاتون شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب بھر میں اپنے علاقائی دفاتر کے ذریعے ہر سطح پر آگاہی مہم جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا ایک عالمی مسئلہ ہے اور ہمیں اس کے خاتمے کے لیے مسلسل کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون خواتین کو مکمل رازداری اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔اس موقع پر مس قر العین، نائب صدر FPCCI نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔وومن محتسب پنجاب کے افسران نے شرکا کو قانون کے دائرہ کار سے بھی آگاہ کیا۔آخر میں نائب صدر محترمہ میمونہ عمران نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس کی نظامت مس کرسٹینا پیٹر نے کی۔اس موقع پر مس تسغیرہ تجمل، مس زرقا طارق، مس اقصی ریاض، ڈاکٹر حوریہ اور دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔




