لاہور(سپورٹس نیوز)آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 12 جون سے انگلینڈ اینڈ ویلز میں شروع ہوگا۔ ویمنز ٹی20 ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انگلینڈ میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے لیے ٹیموں نے مختلف طریقوں سے کوالیفائی کیا ہے۔انگلینڈ نے میزبان ہونے کی حیثیت سے براہِ راست جگہ حاصل کی جبکہ آسٹریلیا، بھارت، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ نے 2024 کے گزشتہ ایڈیشن میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر کوالیفائی کیا۔ سری لنکا اور پاکستان نے عالمی رینکنگ کے ذریعے ایونٹ میں رسائی حاصل کی۔باقی چار نشستوں کے لیے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کوالیفائر نیپال میں 18 جنوری سے یکم فروری تک کھیلا گیا۔ بنگلہ دیش نے پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے شاندار انداز میں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔بنگلہ دیش کی کھلاڑی سوبھانا موسٹری نے 262 رنز بنا کر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز اپنے نام کیا۔نیدرلینڈز نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔ انہوں نے امریکا کے خلاف 21 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ بھی کوالیفائر سے آگے آنے والی دیگر دو ٹیمیں ہیں۔ آئرلینڈ کی کپتان گیبی لوئس نے سب سے زیادہ 276 رنز بنائے جبکہ آرلین کیلی نے 13 وکٹیں حاصل کیں۔ اسکاٹ لینڈ کی کیتھرین برائس نے 12 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو ایونٹ تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آئرلینڈ کی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں پانچویں شرکت ہوگی ۔




