ٹرمپ باضابطہ طور پر نوبل امن انعام کیلئے نامزد

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ٹرمپ کو باضابطہ طور پر نوبل امن انعام 2026 کے لیے نامزد کر دیا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق جارجیا سے ریپبلکن رکن کانگریس بڈی کارٹر نے صدر ٹرمپ کی نامزدگی کے لیے نوبیل کمیٹی کو خط لکھا ہے۔ صدر ٹرمپ کو اسرائیل، ایران جنگ بندی میں کردار ادا کرنے کے اعتراف میں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا گیا۔ خط میں بڈی کارٹر نے لکھا کہ دنیا میں دہشت گردی کے سب سے بڑے ریاستی معاون کو مہلک ترین ہتھیاروں کے حصول سے روکنے اور اسرائیل اور ایران کے درمیان مسلح تنازع کے خاتمے میں ٹرمپ کے غیرمعمولی اور تاریخی کردار کے اعتراف میں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے بھی امریکی صدرٹرمپ کو نوبیل امن انعام دینے کی سفارش کا خط ناروے کی نوبیل کمیٹی کوبھیجا تھا۔ حکومت پاکستان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی مداخلت سے پاکستان بھارت جنگ ٹل گئی، نوبیل امن انعام2026 کے لیے سفارش کا فیصلہ حالیہ پاک بھارت بحران میں صدر ٹرمپ کے فیصلہ کن سفارتی مداخلت پر کیا گیا۔ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستان بھارت کی جنگ بند کرانے پر مجھے نوبیل پرائز ملنا چاہیے مگر نوبیل پرائز صرف لبرلز کو ملتا ہے، یہ لوگ مجھے نہیں دیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران 10مئی کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ہی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔اوراب اسرائیل ایران جنگ بندی کا اعلان بھی صدر ٹرمپ نے کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں