ٹریفک جرمانوں کیخلاف ٹرانسپورٹرز کی ہرتال،مسافر پریشان

لاہور(بیوروچیف) ٹرانسپورٹرز نے بھاری جرمانوں کے خلاف آج صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا۔لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پہیہ جام ہڑتال کے اعلان کے پیش نظر متعدد بس اڈے بند ہیں، شیرا کوٹ بند روڈ پر معتدد بس اڈے اور بکنگ آفس بند ہیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔کچھ بس اڈے جزوی طور پر کھلے ہیں، اشیا کی سپلائی متاثر ہونے سے مارکیٹوں میں دبائو بڑھنے کا خدشہ ہے۔گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی کے رہنماں نے پنجاب حکومت سے ٹریفک آرڈیننس 2025 فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ ٹریفک آرڈیننس 2025 منظور نہیں، آرڈیننس کے ذریعے بھاری جرمانے وصول کیے جا رہے ہیں جو کہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ظلم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک آرڈیننس واپس نہیں لیا جاتا، پبلک ٹرانسپورٹ نہیں چلے گی،گڈز ٹرانسپورٹ، منی مزدا، لوڈرز اور رکشے بھی ہڑتال میں شامل ہوں گے،انٹرا سٹی، بین الاضلاعی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ٹرانسپورٹرز نے مزید کہا کہ ڈرائیورز پر مقدمات درج کر کے مجرم بنا دیا گیا ہے، پورے ملک میں ڈرائیونگ لائسنس کی فیس 1200، پنجاب میں 12 ہزار ہے۔قبل ازیں ٹرانسپورٹرز اور پنجاب حکومت کے مذاکرات کا پہلا دور ناکام رہا، مذاکرات کا اگلا دور آج دوپہر 2 بجے ہوگا۔ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی کال پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی، مہذب ممالک میں ہڑتالیں نہیں بلکہ قانون پر عمل داری کی حمایت کی جاتی ہے، بغیر لائسنس ڈرائیونگ موت اور حادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ سکول کے بچوں کی زندگیوں کی حفاظت پر کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، ہڑتال کا مطلب ہے کہ سکول کی ویگنیں الٹتی رہیں اور بچے مرتے رہیں، قانون پر عمل درآمد کے سوا کوئی چوائس نہیں۔دریں اثنائ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی جانب سے بھاری جرمانے، گاڑی بند، ڈرائیور کیخلاف بلا جواز مقدمات کے اندراج پر ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کر دی، لاری اڈا سمیت مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں پر مسافروں کا رش لگ گیا ، شہریوں کو متعدد مشکلات کا سامنا، تفصیل کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے گاڑیوں کو بھاری جرمانے، گاڑیوں کو بند کرنے کیساتھ ساتھ ڈرائیور پر بلا جواز ایف آئی آر کا اندراج کرنے پر ٹرانسپورٹرز نے آج ہڑتال کر دی، گڈ ز ٹرانسپورٹ کے اڈے بھی بند، جبکہ شہریوں کو دوسرے شہر جانے میں شدید مشکلات کا سامنا لاری اڈا سمیت شہر کے مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں میں مسافروں کا رش لگ گیا۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ حکومت کیجانب سے بھاری جرمانوں، گاڑیوں کو بند، ڈرائیورز پر بھی بلا جواز ایف آئی آر کا اندراج بند کیا جائے ، پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے شہری دو وقت کی روٹی کیلئے تنگ ہیں اور موٹر سائیکل سواروں کو بھی ہیلمٹ نہ پہننے سمیت دیگر ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی پر جرمانے کئے جا رہے ہیں جو کہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں