فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جھمرہ روڈ پر ٹریفک حادثات میں تین افراد جاں بحق’ خاتون سمیت تین افراد بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو تحویل میں لیکر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا۔ تفصیل کے مطابق پہلا حادثہ جھمرہ روڈ پر شوگر مل پھاٹک نزد چناب مل کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار موٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرا گئی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دوردور تک سنی گئی، موٹرسائیکلوں پر سوار 26سالہ محسن ولد خالد’ 34سالہ محمود الرحمن ولد خلیل الرحمن’ 23سالہ محمد عمران ولد حبیب انور اور 26سالہ اسد ولد محمد طارق بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو 28سالہ محسن اور 34سالہ محمود الرحمن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔ نعشیں قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں جبکہ دوسرا حادثہ بھی چک جھمرہ کے قریب پیش آیا جہاں پر غلط سمت سے آنیوالی تیز رفتار کار کی موٹرسائیکل میں تصادم کے باعث موٹرسائیکل سوار 53سالہ ایم پرویز اکبر ولد ایم عزیر سر میں چوٹ لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ اس کی عزیزہ 32سالہ صائمہ سفیان زوجہ علی اکبر بری طرح زخمی ہو گئیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر نعش کو قبضہ میں لیکر زخمی خاتون کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے حادثہ کے مرتکب کار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔




