چنیوٹ(نامہ نگار)چنیوٹ کے علاقے رجوعہ روڈ پر ٹھٹھہ ٹھاکر کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت شمیم زوجہ منور حسین (عمر 40 سال) اور شان علی ولد احمد علی (عمر 16 سال) سکنہ چک نمبر 14 کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ زخمی خاتون کی شناخت شگفتہ زوجہ ارشد (عمر 32 سال) سکنہ رجوعہ سادات کے طور پر کی گئی ہے۔ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جاں بحق افراد کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد پولیس کے حوالے کر دیں جبکہ زخمی خاتون کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔




