فیصل آباد (پ ر) انجمن تاجران ریلوے روڈ کے جنرل سیکرٹری آفتاب بٹ کی قیادت میں وفد نے نئے تعینات ہونے والے چیف ٹریفک پولیس آفیسر رانا ناصر جاوید سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور انہیں CTO کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا’ وفد میں انجمن تاجران منٹگمری بازارصدر میاں اختر محمود’ افغان چوک کچہری بازار کے صدر عبدالرحمن مانی’ جنرل سیکرٹری مرزا اعظم’ نیوبانوبازار کے صدر مرزا شہباز’ چوہدری شاہد’ مقصود احمد’ مرزا میاں سجاد’ عبدالحفیظ’ محمد سعید’ خالد معراج’ میاں ریاض و دیگر تاجر رہنما شریک تھے’ آفتاب بٹ و وفد میں شریک تاجروں نے ریلوے روڈ’ سرکلر روڈ’ کینال روڈ’ عبدالرشید غازی چوک (جی ٹی ایس چوک)نڑوالا روڈ’ جھنگ روڈ آٹھ بازاروں’ بڑی شاہراہوں اور شہر کے مختلف مصروف ترین چوکوں میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے بارے میں سی ٹی او رانا ناصر جاویدکو آگاہ کیا’ آفتاب بٹ نے CTO کو بتایا کہ اس وقت وارڈن کی کارکردگی چالانوں تک محدود ہے اور کمائو پتر بنے ہوئے ہیں’ ٹریفک کو کنٹرول کرنا ان کی ترجیحات میں شامل نہیں’ اس وقت شہر کے اکثر چوراہوں کے ٹریفک سگنلز خراب ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کے بہائوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں’ انہوں نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی فیشن بن چکا ہے’ ٹریفک وارڈن کو پابند کیا جائے کہ جو شخص بھی ون وے کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو اس پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے ‘ اس کے علاوہ بیرون منٹگمری بازار’ سرکلر روڈ’ ہلال احمر روڈ’عید گاہ روڈ’ جھنگ روڈ’ سمندری روڈ’ کینال روڈ’ بیرون جھنگ بازار و دیگر بڑی شاہراہوں اور چوک’ چوراہوں پر لگی فروٹ اور سبزی کی ریڑھیوں کو فوری طور ہٹایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانگی میں کوئی دشواری پیش نہ آئے’ رات کے وقت آٹھ بازاروں کے باہر خاص طور پر جھنگ بازار’ کارخانہ بازار’ منٹگمری بازار او ربھوانہ بازار میں چنگ چی رکشوں کے رش کی وجہ سے پیدل چلنے والے سخت تکلیف سے دوچار ہوتے ہیں’ ان کے مناسب حل کیا جائے’ آٹھ بازاروں میں ایسے ٹریفک وارڈنز کو لگایا جائے جو شہر کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے واقف ہیں ‘ چیف ٹریفک پولیس رانا ناصر جاوید نے وفد کے ارکان کے مسائل خندہ پیشانی سے سنے اور موقع پر ہی اپنے ماتحت عملے کوآرڈر جاری کئے کہ ٹریفک کے بہائو میں جو بھی مشکلات درپیش ہیں انہیں فوری دور کیا جائے ‘ انہوں نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ میں خود آٹھ بازاروں اور شہر کی مختلف شاہراہوں کا وزٹ کر کے تاجروں کی مشاورت سے ٹریفک کے مسائل کے حل کو یقینی بنائوں گا اور مل کر ایسا لائحہ عمل مرتب کریں گے تاکہ ٹریفک کے مسائل کو کم سے کم کیا جا سکے’ انہوں نے ٹریفک سرکل انچارجز کو موقع پر بلا کر انہیں ہدایات جاری کیں اور وفد کے ارکان سے مکمل تعاون کرنے کا کہا’ سی ٹی او نے کہا کہ شہر کے تاجروں کے مشاورت ہمارے لئے انتہائی اہم ہے’ ہماری ہرممکن کوشش ہو گی جن مسائل کی طرف آپ لوگوں نے نشاندہی کی ہے انہیں فوری حل کیا جائے۔




