ساہیوال(بیورو چیف) پاکپتن روڈ پر صفیہ رائس ملز کے اطراف ٹریفک کی بدترین صورتحال نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ شہریو ں کے مطابق رائس ملز کی جانب آنے جانے والی ہیوی ٹریفک اور سڑک پر بے ہنگم انداز میں کھڑی گاڑیوں کے باعث شاہراہ کا بڑا حصہ مسلسل متاثر ہے، جس سے ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ صورتحال اس قدر سنگین ہے کہ عام شہریوں کو گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے، جبکہ کسی ہنگامی صورتحال میں ایمبولینس، فائر بریگیڈ یا دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کے بروقت گزرنے میں بھی رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں کے نام پر عوامی شاہراہ کو اس طرح متاثر کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ مصروف پاکپتن روڈ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا کس ادارے کی ذمہ داری ہے اور متعلقہ افسران کب حرکت میں آئیں گے؟ اگر صورتحال سے کسی مریض، مسافر یا عام شہری کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ صفیہ رائس ملز کے اطراف فوری آپریشن کرکے سڑک کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کیا جائے، غیر قانونی یا رکاوٹ بننے والی پارکنگ کے خلاف کارروائی کی جائے اور ہیوی ٹریفک کے لیے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پلان نافذ کیا جائے شہریوں نے چیف ٹریفک آفیسر/متعلقہ ٹریفک پولیس کے ذمہ دار افسر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر موقع کا دورہ کرکے صورتحال کا نوٹس لیں اور غفلت کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں۔




