چنیوٹ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے شہر میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ایڈمنسٹریٹر واثق عباس ہرل، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر کے ہمراہ جھنگ روڈ کا دورہ کیا۔دورانِ وزٹ ڈپٹی کمشنر نے سڑک کے اطراف ٹف ٹائلز لگانے کے جاری کام کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ٹف ٹائلز کو مقررہ معیار اور درست لیول کے مطابق نصب کیا جائے تاکہ منصوبے کی پائیداری اور خوبصورتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے جاری کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے جھنگ روڈ کے دونوں اطراف موجود ڈرینج نالوں کی صفائی کو یقینی بنانے اور انہیں مناسب انداز میں کور کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی، صفائی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے بیوٹیفکیشن منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ایڈمنسٹریٹر واثق عباس ہرل کے ہمراہ جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کیا اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری بہتری و بحالی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورانِ وزٹ ڈپٹی کمشنر نے دونوں ویٹنگ ایریاز میں نصب ایئر کنڈیشنرز کی ورکنگ، صاف اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی، صفائی ستھرائی کے انتظامات، واش رومز کی حالت، ٹائل ورک اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور بس اسٹینڈ کے ماحول کو صاف ستھرا اور خوشگوار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سہولیات کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے، صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور جاری ترقیاتی و بحالی کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور عوامی مقامات کی بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔




