ممبئی (سپورٹس نیوز) رائل چیلنجرز بنگلورو کے آسٹریلوی بیٹر ٹم ڈیوڈ پر آئی پی ایل کے اگلے سیزن کے آغاز میں ایک میچ کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹم ڈیوڈ کو یہ سزا 2026 کے ایڈیشن کے فائنل میچ کے دوران ٹورنامنٹ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر دی گئی ہے۔آسٹریلوی بیٹر نے گجرات ٹائٹنز کی اننگز کے 10ویں اوور کے دوران امپائر کے فیصلے پر غصے کا اظہار کیا، واقعہ واشنگٹن سندر کی گیند پر جورڈن کاکس کی جانب سے کیچ پکڑنے سے متعلق تھا جسے امپائر نے ناٹ آئوٹ قرار دیا۔ٹم ڈیوڈ نے آن فیلڈ امپائر نتن مینن کی طرف آئس بیگ پھینکا جو آئی پی ایل ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کا سبب بنا۔ٹم ڈیوڈ نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور میچ ریفری جواگل سری ناتھ کی جانب سے عائد کردہ سزا کو قبول کر لیا ہے جبکہ ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس پانچ ہونے پر ایک میچ کی پابندی لاگو ہوگئی۔واضح رہے کہ آر سی بی نے فائنل میں گجرات ٹائٹنز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔




