ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت نوجوان نسل کو ہنگامی حالات سے نمٹنے اور عوامی خدمت کیلئے تیار کرنے کے سلسلہ میں سول ڈیفنس کی تربیتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلہ میں ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب تسنیم علی خان اور ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس عمر میلہ کی ہدایات پر گورنمنٹ اسلامیہ سیکنڈری ہائی سکول ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئی جس میں طلبہ کو PCDRC میں بطور وارڈن رجسٹریشن، فرسٹ ایڈ، بی ایل ایس (BLS)، ایمرجنسی انخلااور فائر فائٹنگ کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی گئی۔تربیتی ورکشاپ کے دوران طلبہ کو ہنگامی حالات میں بروقت، محفوظ اور موثر انداز میں خدمات سرانجام دینے کے مختلف طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر سول ڈیفنس حکام نے کہا کہ نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی یا حادثے کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں ممکن بنائی جا سکیں۔




