فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ٹھیکری والا کے انچارج انوسٹی گیشن سب انسپکٹر قائم دین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کر تہرے قتل میں ملوث12سال سے اشتہاری ملزم کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا’ سی پی او تنویر حسین کی شاباش۔ تفصیل کے مطابق مئی 2014ء کو ٹھیکری والا کے علاقہ 89 ج ب میں ملزمان عبدالشکور’ حمید انور وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ کر کے کار سوار تین افراد اسلم’ افضل اور اصغر علی کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ ملزمان نے سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا تو اے سی نے کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات ختم کروائی جس کا ملزمان کو شک تھا کہ مقتول اسلم وغیرہ نے انتظامیہ کو مخبری کی تھی۔ تاہم تہرے قتل کا نامزد ملزم عبدالشکور روپوش تھا۔ انچارج انوسٹی گیشن سب انسپکٹر قائم دین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر عبدالشکور کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا۔ سی پی او تنویر حسین نے تفتیشی آفیسر اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی فیصل آباد میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق سنگین سزا دلوائی جائے گی۔




