ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر تھانہ ٹھیکریوالہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے قتل اور اقدامِ قتل کے مقدمہ میں ملوث خطرناک ملزم ندیم عرف سکندر کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ملزم ندیم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پرانی دشمنی اور مقدمہ بازی کی بنا پر چک نمبر 68 ج ب کے رہائشی محمد شہزاد کو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل جبکہ محمد شہباز کو شدید زخمی کردیا تھا۔ایس ایچ او تھانہ ٹھیکریوالہ واجد حسین ایس آئی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ دیگر اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے کہا ہے کہ گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔




