فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان کی ٹیکس رجیم کو مکمل طور پر آٹو میٹک ، شفاف اور آسان بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔ یہ بات چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیو ارشاد حسین نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں جی ایس ٹی / ای فائلنگ سسٹم بارے ایک تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس سیشن میں پرال (پاکستان ریونیو آٹو میشن لمیٹڈ)کی 6رکنی ٹیم نے ای فائلنگ بارے آگاہی دی۔ چیف کمشنر نے کہا کہ ٹیکس کے نظام میں بہتری لانے کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جارہا ہے جبکہ ای فائلنگ کے سلسلہ میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی آگاہی کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے تعاون سے تربیتی سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے ملک بھر میں سیلز اور انکم ٹیکس کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے ۔ اس مقصد کیلئے پرال نے زبردست سافٹ وئیر تیار کیا ہے تاکہ بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کے علاوہ ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بھی وسیع کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم سے نہ صرف موجودہ ٹیکس دہندگان بلکہ نئے شامل ہونے والے ٹیکس دہندگان کو بھی یہ سہولت مہیا کی جا سکے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایف بی آر اس حوالے سے ٹیکس دہندگان کی آگاہی اور ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔




