کراچی (بیوروچیف) اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025 میں ٹریژری بلز (ٹی بلز)سے غیر ملکی سرمایہ کاری کا اخراج ڈیڑھ ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، جب کہ جون میں سب سے زیادہ ماہانہ اخراج ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ایس بی پی کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے دوران ملکی بانڈز سے غیر ملکی سرمایہ کاری کا اخراج، آمدنی سے 24 فیصد زیادہ رہا، ٹی بلز میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب 27 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر ہے، تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی نے سرمایہ کاروں کے لیے خطرات میں اضافہ کیا ہے۔جون میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے صرف 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے ٹی بلز خریدے، جب کہ 11کروڑ 30 لا کھ ڈالر نکال لیے گئے، مارکیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ محتاط رویہ بھارت کی جانب سے مئی میں 4 روزہ جارحیت اور اس کے بعد بھارتی میڈیا اور سیاسی قیادت کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز بیا نا ت کا نتیجہ ہے، جس سے مزید کشیدگی کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔اگرچہ مالی سال 2025میں ترسیلا ت زر ریکارڈ 38ارب 30کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔




