جڑانوالہ (نامہ نگار) پاسپورٹ آفس انچارج سمیت متعدد ملازمین کے تبادلے، عملے کی شدید کمی کے باعث دفتری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے،پاسپورٹ کے حصول کیلئے آنیوالے شہری مشکلات کا شکار ہو گئے،تفصیلات کے مطابق پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل جڑانوالہ کا پاسپورٹ آفس عملے کی شدید کمی کے باعث شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاسپورٹ آفس کے انچارج سمیت متعددملازمین کے تبادلے کر دیے گئے ہیں جبکہ انہیں اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ تبادلوں کے بعد دفتر میں صرف دو ملازمین خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جس کے باعث دفتری امور شدید متاثر ہو رہے ہیں،پاسپورٹ بنوانے اور دیگر ضروری کارروائی کے لیے آنے والے شہریوں کو صبح سے شام تک طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔سائلین کا کہنا ہے کہ محدود عملے کے باعث کام کی رفتار انتہائی سست ہو چکی ہے، جس سے روزانہ بڑی تعداد میں آنے والے افراد کو شدید پریشانی اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،شہریوں نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ملک بھر میں 128 کنٹریکٹ ملازمین کی برطرفی کی اطلاعات کے بعد پاسپورٹ دفاتر میں پہلے سے موجود افرادی قوت کا بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے، جس کے اثرات عوامی خدمات پر مرتب ہوں گے۔شہریوں وکلا سماجی تنظیموں اور مختلف حلقوں نے وفاقی حکومت وزارتِ داخلہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جڑانوالہ پاسپورٹ آفس میں فوری طور پر مطلوبہ عملہ تعینات کیا جائے کنٹریکٹ ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے مثبت فیصلہ کیا جائے اور عوام کو بروقت،معیاری اور بلا تعطل پاسپورٹ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔




