لاہور (بیوروچیف) محکمہ موسمیات نے آئندہ پانچ روز تک گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جڑواں شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش سے ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا،محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کیمطابق لاہور شہر میں تیزہوائوں کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ شہر میں اس وقت درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،جو زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔موسلا دھار بارش کے دوران ندی نالوں میں طغیانی کے حوالے سے پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ شہریوں کو برساتی نالوں، ندی،بجلی کے کھمبوں اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔




