پاکستانی طلبہ کا بڑااعزاز’کانسی کے 3تمغے جیت لیے

اسلام آباد(بیوروچیف) پاکستانی طلبہ نے 56ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کانسی کے تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کر دیا۔پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق عالمی مقابلہ 4سے 12جولائی تک کولمبیا کے شہر بوکارامانگا میں منعقد ہوا، جس میں 90 سے زائد ممالک کے 400 سے زیادہ طلبا نے حصہ لیا اورطبیعیات کے نظریاتی وعملی امتحانات میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔پاکستان کی جانب سے ذوالفقار علی، حمدان علوی اور دانیال شہزاد حامد نے کانسی کے تمغے حاصل کیے، جبکہ لاہور کے حزہ محمود اور راولپنڈی کے عبداللہ اعجاز کو نمایاں کارکردگی پر خصوصی اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق قومی ٹیم کے طلبا کا انتخاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے اشتراک سے منعقد ہونے والے نیشنل سائنس ٹیلنٹ کنٹیسٹ کے ذریعے کیا گیا۔بیان کے مطابق طویل اور سخت انتخابی عمل کے بعد منتخب طلبا کو پیاس کیمپس میں خصوصی تربیتی پروگرام سے گزارا گیا۔جہاں انہیں ملکی اور بین الاقوامی ماہرین کی زیر نگرانی اعلیٰ معیار کی نظریاتی اورتجرباتی تربیت فراہم کی گئی تاکہ وہ عالمی سطح کے سخت مقابلے کیلئے تیار ہو سکیں، پاکستانی ٹیم کی قیادت پیاس کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان اور ڈاکٹر محمد وسیم نے کی۔ماہرین نے اس کامیابی کو ملک میں سائنسی تعلیم اور نوجوان ٹیلنٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے نتائج مستقبل میں عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔خیال رہے کہ پاکستان نے انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ 2024میں بھی کانسی کے 3تمغے جیتے تھے اور یہ مقابلے کا انعقاد اصفہان میں کیا گیا تھا، کراچی کے طلحہ اشرف، لاہور کے حذیفہ التمش اور اسلام آباد کے سلمان تارڑ نے کانسی کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں