پاکستان سفارتی محاذ پر سرگرم’وفد نیویارک پہنچ گیا

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی جارحیت بے نقاب کرنیکا مشن لئے بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھیں گے’2جون کو بلاول بھٹو کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات شیڈول ہے۔پاکستانی وفد نیویارک میں امریکی تھنک ٹینک اور کانگریس کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کرے گا، بلاول بھٹو زرداری 5 جون کو امریکی تھنک ٹینک مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔پاکستانی وفد میں مصدق ملک، سینیٹر شیری رحمان، خرم دستگیر، تہمینہ جنجوعہ، جلیل عباس جیلانی اور حنا ربانی کھر شامل ہیں۔وفد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ پاکستانیوں، صحافیوں اور ماہرین سے بھی تبادلہ خیال کرے گا، یہ دورہ پاکستان کی عالمی سطح پر موثر سفارتی موجودگی کے اظہار کا اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں موجودہ پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ایک اعلیٰ سطح سفارتی کمیٹی تشکیل دی تھی جو مختلف ممالک کا اہم دورہ کرے گی، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قائم سفارتی کمیٹی بھارت کے خلاف عالمی محاذ پر پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط بنانے کیلئے کام کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں