پاکستان سے ایران پر امریکی حملوں کا دعویٰ جھوٹا قرار

اسلام آباد (بیوروچیف) وزارت اطلاعات و نشریات نے امریکی بحریہ کی جانب سے پاکستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے ایران کے خلاف کارروائیاں کرنے اور اس ضمن میں پاکستان کی مبینہ منظوری سے متعلق امریکی اکانٹ کی جانب سے کیے جانے والے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے گمراہ کن پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔وزارتِ اطلاعات نے ایکس پر اپنے فیکٹ چیک بیان میں کہا کہ شمالی امریکا میں قائم ایک اکائونٹ سے امریکی بحریہ سے متعلق من گھڑت پروپیگنڈا پھیلایا گیا، جھوٹا دعویٰ پھیلانا انتشار پیدا کرنے کے وسیع تر ایجنڈے کا حصہ ہے۔ جس سے عوام میں غلط فہمیاں اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے اس نوعیت کے دعووں کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں، کیونکہ ایسی پوسٹس کسی سنجیدہ مبصر کی توجہ کے لائق نہیں ہیں۔ وزارت کے مطابق اس نوعیت کی سوشل میڈیا پوسٹس کو سنجیدہ معلومات کے طور پر نہیں لیا جانا چاہیے، بلکہ انہیں پروپیگنڈا سمجھتے ہوئے اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں