ٹوکیو (سپورٹس نیوز) پاکستان کی مردوں کی والی بال ٹیم رواں ماہ جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز میں مضبوط حریفوں کو حیران کرنے اور ٹاپ آٹھ میں جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔پاکستان کو 16ٹیموں پر مشتمل مقابلے کے گروپ اے میں میزبان جاپان، قازقستان اور ازبکستان کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ایشین گیمز 26 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔پاکستانی ٹیم کے منیجر اور سابق کپتان نصیر احمد نے کہا ہے کہ انہیں قومی ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جاپان بلاشبہ ایک مضبوط ٹیم ہے، تاہم پاکستان اسے شکست دینے کی بھرپور کوشش کرے گا۔نصیر احمد کے مطابق جاپان کو شکست دینا پاکستان کا اولین ہدف ہے، تاہم اگر یہ کامیابی حاصل نہ ہوسکی تو قازقستان اور ازبکستان کے خلاف فتوحات حاصل کرکے ٹاپ آٹھ میں جگہ بنائی جاسکتی ہے، جس کے بعد اگلے مرحلے میں مضبوط ٹیموں کے خلاف کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔پاکستان عالمی درجہ بندی میں 38ویں نمبر پر ہے جبکہ جاپان چھٹے نمبر پر موجود ہے’ قومی ٹیم میں اتنا تجربہ اور معیار موجود ہے کہ وہ ایشین گیمز میں حیران کن نتائج دے سکتی ہے۔پاکستانی دستے میں 2023 میں ہانگژو میں ہونے والے ایشین گیمز میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے تقریبا 9 کھلاڑی دوبارہ شامل ہوں گے، جبکہ تین نوجوان کھلاڑیوں کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔




