چنیوٹ(نامہ نگار)چنیوٹ میں معرکہ حق بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کو کمزور کرنے کی ہر سازش ناکام ہو چکی ہے اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگی حالات کے آغاز پر سب سے پہلی ریلی چنیوٹ میں نکالی گئی جبکہ اس وقت بعض عناصر پاک فوج پر تنقید کر رہے تھے، مگر قوم نے متحد ہو کر دشمن کو واضح پیغام دیا۔قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ بھارت کا دفاعی بجٹ پاکستان سے کئی گنا زیادہ ہونے کے باوجود اللہ تعالی کی نصرت اور پاک افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے اور دنیا پر ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا مقصد پاکستان کو معاشی طور پر کمزور اور عالمی سطح پر تنہا کرنا تھا، تاہم پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کے باعث دنیا بھر میں ملک کا وقار بلند ہوا۔انہوں نے کہا کہ بیرونِ ممالک پاکستان اور اس کی عسکری قیادت کو غیر معمولی عزت و پذیرائی ملی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے موقف کو تسلیم کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر شہداِ وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ وفاقی وزیر قیصر احمدشیخ نے تقریب کے بعد اپنے ڈیرے سے پیر بھٹہ بازار مسلم بازار چوک فاروق اعظم تک ایک ریلی بھی نکالی ۔معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع دکانداروں نے پھولوں کی پتیوں سے ریلی کا استقبال کیا۔




