اسلام آباد(بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے پاکستان میں اسپین کے سفیر کارلوس آراگون گل دے لا سرنا سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی جس میں زراعت، غذائی تحفظ، تجارت اور کثیرالجہتی تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی ہوئی۔ دونوں فریقین نے زرعی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے اور باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر ہسپانوی سفیر نے پاکستان کو انٹرنیشنل اولیو کونسل کی مکمل رکنیت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور عالمی زیتون کے شعبے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے حکومتِ اسپین، بالخصوص اسپین کے وزیر زراعت، کا پاکستان کی آئی او سی کی مکمل رکنیت کے حصول میں بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپین کی قیمتی معاونت نے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا ہے۔




