فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے ٹیک اینڈ انٹرپرینیورشپ سمٹ۔4 کا انعقاد کیا، جس میں ملک بھر سے جدت کاروں، کاروباری شخصیات اور طلبہ نے شرکت کی۔ دو روزہ سمٹ میں بزنس ایکسپوز، ٹیکنالوجی مصنوعات کی نمائش، کوڈنگ مقابلے، ای گیمنگ ٹورنامنٹس و دیگر شامل تھیں۔ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ جدت پسند سوچ پر مبنی انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا پائیدار معاشی ترقی اور قومی خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات اختراعات کے مرکز کا کردار ادا کرتی ہیں جہاں طلبہ کو تنقیدی سوچ اور دورحاضر سے ہم آہنگ مہارتیں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے اور مختلف شعبہ جات کے مسائل کا سائنسی بنیادوں پر حل تلاش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی یہ روایت رہی ہے کہ جہاں سائنسدان، سول سوسائٹی، کاشتکاروں کے مابین روابط کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے نمائش اور کانفرنسز کا انعقاد تسلسل کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ ملتان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے نوجوانوں میں جدت کو فروغ دینے کے لئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اس کے باصلاحیت نوجوانوں میں پوشیدہ ہے جسے نکھارنے کی ضرورت ہے۔ پرنسپل آفیسر ڈاکٹر راؤ زاہد عباس نے کہا کہ نوجوانوں کی خدا داد صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں کاروباری مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈائریکٹر بزنس انکوبیشن سینٹر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ اس قسم کے بزنس ایکسپوز اور اسٹارٹ اپ اسٹالز نوجوانوں کو اپنے خیالات کا اظہار، سرمایہ کاروں سے روابط اور مارکیٹ کے رجحانات جاننے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مواقع پاکستان کے انٹرپرینیوریل ایکو سسٹم کو مضبوط بناتے ہیں۔ ڈاکٹر حبیب اسلم گابا نے کہا کہ عملی ورکشاپس اور ہنر سازی کی سرگرمیاں طلبہ کو جدید ڈیجیٹل ٹولز سے آراستہ کریں گی اور انہیں عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنائیں گی۔ چیف ہال وارڈن ڈاکٹر انور الحق اور سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ یہ سمٹ نوجوانوں میں جدت کی روح پیدا کرے گی اور پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر کو مضبوط بنائے گی۔ اس موقع پر یو کےـپاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اظہر وڑائچ، ٹیکنو ایکس کے سی ای او فہیم اور ابو ہریرہ نے بھی خطاب کیا۔




