ڈھاکا (مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش نے 1971 کے بعد پہلی بار پاکستانی حکام کے لیے ویزا کی شرط 5سال کے لیے ختم کر دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش اور پاکستان کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو اب دونوں ملکوں کے درمیان سفر کرنے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہو گی۔نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے باہمی ویزا استثنیٰ کے اس معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ ان کے پریس سیکریٹری شفیق الاسلام نے ڈھاکا میں بتایا کہ بنگلادیش کے 31دیگر ممالک کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے معاہدے موجود ہیں۔ شفیق الاسلام کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت پاکستانی حکام کو بھی بنگلادیش میں ویزا کے بغیر داخلے کی اجازت ہو گی۔




