راولپنڈی(بیوروچیف) بھارت کے خلاف معرکہ حق کا پہلا سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان نے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ معرکہ حق میں دشمن نے پاکستان کی قوت اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا ، دشمن کو آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق نے قومی اعتماد کو نئی جدت دی، معرکہ حق نے پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں کو دنیا پر ثابت کیا، پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی اور صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل کی فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔مسلح افواج نے اس عزم کا اظہار کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت یا دشمن کے عزائم کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا، معرکہ حق میں دشمن نے پاکستان کی قوت، تیاری اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا، آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ سسٹمز اور روایتی نظام کو بدل دینے والی منفرد صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل کی فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے، ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے پاک فضائیہ کو جدید فضائی جنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک موثر اور فیصلہ کن فورس بنا دیا ہے۔آئی ایس پی آر کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق معرکہ حق کے دوران انجام دیے گئے آپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں منفرد، غیر معمولی اور اعلی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر تھے، پاک فضائیہ کی کامیابیوں نے پاکستانی قوم کے اعتماد، حوصلے اور جذبہ حب الوطنی کو مزید مضبوط کیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جبکہ اس کی مسلح افواج ذمہ دارانہ اور پختہ سٹریٹجک سوچ کی حامل ہیں، پاکستانی مسلح افواج کی ہر تیاری، ہر کوشش اور ہر صلاحیت کا محور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کا فروغ ہے پاکستان کے لیے امن ہمیشہ عزت، وقار اور خودمختار برابری کے اصولوں سے جڑا رہا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک افواج خطے کی بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی جارحانہ عسکری تیاریوں سے مکمل طور پر باخبر ہیں، پاکستانی مسلح افواج مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدیدصلاحیتوں، ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہیں، پاک افواج مستقبل کے جنگی ماحول کے لیے پہلے سے زیادہ تیار، مرکوز اور مکمل طور پر مستعد ہیں۔مسلح افواج نے مشترکہ بیان میں کہا کہ آج رات پوری قوم پاک فضائیہ کے ہر جوان، افسر اور اہلکار کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانی، انتھک محنت اور غیر معمولی آپریشنل توجہ پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے پاکستان کی فضائی حدود کے تاریخی دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع میں پاک فضائیہ کی جرات، تیاری اور بروقت کارروائی قوم کی عسکری تاریخ کا روشن باب بن چکی ہے، پاک فضائیہ نے اپنے عزم، مہارت اور جذبہ قربانی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام اور قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے پاک فضائیہ اپنی پیشہ ورانہ برتری، جدید جنگی صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے باعث آج بھی دنیا کی بہترین فضائی افواج میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ اِن شا اللہ ہمیشہ Second to None رہے گی اور اس عظیم قوم کے لئے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت بنی رہے گی، پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔دریں ثنا ئ،اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان ایئرفورس کی جانب سے معرکہ حق میں شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے خطاب کیا اور اس موقع کو قابلِ فخر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان فضائیہ کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل کا نتیجہ ہے۔ایئر چیف کے مطابق کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر پاک فضائیہ نے فوری طور پر ہائی الرٹ نافذ کیا اور فضائی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی ہر نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی گئی اور جدید ریڈار سسٹم اور فضائی دفاعی نظام کو مکمل طور پر فعال رکھا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے مختلف علاقوں میں مسلسل فضائی گشت اور فوری ردعمل کے لیے جنگی طیاروں کی تیاری برقرار رکھی تاکہ کسی بھی جارحیت کا فوری جواب دیا جا سکے۔ ان کے مطابق متعدد آپریشنز کے دوران فضائیہ نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ایئر چیف مارشل نے کہا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف دفاعی حکمت عملی کو مثر بنایا بلکہ مختلف علاقوں میں اپنی دفاعی اور آپریشنل تیاریوں کو بھی تیزی سے مکمل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائیہ ہر سطح پر ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی صورتحال میں ملک کا دفاع یقینی بنائے گی۔تقریب میں پاک فضائیہ کے شہدا، غازیوں اور اہلکاروں کی قربانیوں کو بھی سراہا گیا اور کہا گیا کہ ان کی خدمات پاکستان کی سلامتی کی ضمانت ہیں۔ایئر چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق پاکستان فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کی روشن مثال ہے اور یہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھی جائے گی۔پاکستان فضائیہ کے مطابق دشمن نے ابتدا میں اپنی ایک ناکام فضائی حکمتِ عملی ہاشم آرا میں تعینات کی، جسے بعد میں امبالہ منتقل کیا گیا اور پھر یہ پورا فضائی نظام گوالیار کی طرف منتقل کر دیا گیا۔یہ حکمتِ عملی اس مقصد کے لیے تھی کہ اپنی مرکزی فضائی طاقت کو چھپایا جا سکے، تاہم پاکستان فضائیہ کے جنوبی اور مرکزی علاقوں میں سخت اور جارحانہ فضائی پوزیشن کے باعث دشمن کو اپنی حکمتِ عملی تبدیل کرنا پڑی اور اسے شمال سے جنوب تک اپنے طیارے دوبارہ تعینات کرنے پڑے، جس سے ان کی اصل پوزیشن ظاہر ہو گئی۔پاکستان فضائیہ نے اسی دوران اپنی حکمتِ عملی کو خفیہ رکھنے کے لیے مختلف طریقے اختیار کیے جن میں الیکٹرانک سگنلز میں تبدیلی، بار بار نقل و حرکت اور غیر متوقع آپریشنل پیٹرن شامل تھے۔ اس حکمتِ عملی کے باعث دشمن کو پاکستان کے منصوبوں کا اندازہ نہیں ہو سکا۔فضائیہ کے مطابق دشمن کی اس عسکری تیاری کے مقابلے میں پاکستان فضائیہ مکمل الرٹ رہی اور مسلسل فضائی نگرانی جاری رکھی تاکہ ملکی فضائی حدود کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔




