پاک فوج کے جوان فلڈ ریلیف آپریشن میں سول انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہیں

سرگودہا (بیورو چیف) دریائے چناب میں انتہائی سنگین سیلابی صورتحال ، کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈی پی او صہیب اشرف کے ہمراہ تحصیل کوٹ مومن کے مختلف علاقوں میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس اور متاثرہ مقامات کا ہنگامی دورہ کیا۔ حکام کے مطابق اس وقت دریائے چناب میں تقریباً چھ لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، جبکہ خدشہ ہے کہ بہاؤ بڑھ کر دس لاکھ کیوسک تک پہنچ جائے گا، جو علاقے میں انتہائی بلند درجے کے سیلاب کا باعث بن سکتا ہے۔ کمشنر اور آر پی او نے طالب والا پتن فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، جہاں متاثرین کے لیے قائم کی گئی عارضی رہائش گاہوں، خوراک کی فراہمی، میڈیکل سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ پاک فوج کے جوان بھی موقع پر موجود تھے اور فلڈ ریلیف آپریشنز میں سول انتظامیہ کے شانہ بشانہ حصہ لے رہے ہیں۔ ڈویڑنل سربراہان نے لکسیاں فلڈ ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا اور ریسکیو 1122، محکمہ صحت، محکمہ پاپولیشن ویلفیئر، محکمہ لائیوسٹاک اور دیگر اداروں کے اسٹالز کا معائنہ کیا گیا۔ ریسکیو حکام نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لوگوں کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے، متاثرہ آبادیوں کو پہلے ہی خالی کرا لیا گیا ہے، اور مویشیوں کی بڑی تعداد بھی بحفاظت منتقل کر دی گئی ہے۔کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور تمام متعلقہ ادارے دن رات ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں