فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پاک کوریا نیوٹر یشن سینٹر کے سائنٹیفک ایڈوائزری بورڈ کا تیسرے اجلاس کی صدارت زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی۔ اجلاس میں منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور پاکستان بھر میں غذائی قلت کے خاتمے اور کمیونٹی نیوٹریشن کے فروغ کے لیے جامعات، ترقیاتی شراکت داروں اور پالیسی ساز اداروں کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں، کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی پاکستان کی ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر سودام بیک، پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے چیف (نیوٹریشن) ڈاکٹر نذیر احمد، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اکمل، یونیورسٹی آف گیمبیا کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر فقیر محمد انجم، سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کوئٹہ کی وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور کی وائس چانسلر ڈاکٹر زیب النساء حسین، ویمن یونیورسٹی مردان کی ڈاکٹر رضیہ سلطانہ، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈین ڈاکٹر عمران پاشا، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر سلطان حبیب اللہ خاں، ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سینٹر ڈاکٹر حماد بدر، سنٹرل پراجیکٹ ڈائریکٹر پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر ڈاکٹر عاطف رندھاوا، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عرفان عباس اور لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز، بلوچستان سے ڈاکٹر شاداب شوکت شامل تھے۔ بورڈ نے پاک کوریا نیوٹریشن سینٹر کی وسط مدتی پیش رفت رپورٹ اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا اور گزشتہ تین برسوں میں منصوبے کی نمایاں کامیابیوں کو سراہا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مذکورہ سنٹر اب تک 12 ہزار سے زائد فرنٹ لائن نیوٹریشن ورکرز کو تربیت فراہم کر چکا ہے، 50 سے زیادہ غذائیت سے بھرپور اور فورٹیفائیڈ غذائی مصنوعات تیار کی جا چکی ہیں۔




