پراسکیوشن ملازمین اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے ادا کریں،سلمان غنی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن پنجاب سلمان غنی نے کہا ہے کہ محکمہ پراسیکیوشن کا انصاف کی فراہمی کے نظام میں کلید ی کردار ہے لہذا پراسیکیوشن افسران اپنی ذمہ داریا ں انتہائی دیانتداری،پیشہ ورانہ مہارت اور میرٹ کے مطابق ادا کریں تاکہ مقدمات کی بروقت تکمیل یقینی اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی ممکن ہو۔ انہو ں نے یہ بات محکمہ پراسیکیوشن فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن نے ضلع بھر میں زیر التوا مقدمات، پراسیکیوشن کے نظام، عدالتی پیروی اور دفتری امور کا جائزہ لیا۔انہوں نے افسران و اہلکاروں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور کہا کہ زیرالتوا ترقیوں کے کیسز کو جلد نمٹایا جائے گا جبکہ درپیش مسائل کا بھی ازالہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق محکمہ پراسیکیوشن میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔اس ضمن میں اضلاع کے دوروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ موثر پراسیکیوشن نہ صرف مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں مدد دیتی ہے بلکہ معاشرے میں قانون کی حکمرانی اور عوام کے اعتماد کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ ڈویژنل و ضلعی اور پولیس افسران سے کوآرڈینیشن مزید مضبوط بنائیں۔قبل ازیں سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن سلمان غنی نے کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور بتایا کہ وہ اضلاع کے دورے کرکے محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں اس ضمن میں ضلع جھنگ اور فیصل آباد آئے ہیں۔کمشنر نے سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن کو ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مظلوم کو انصاف کی فراہمی میں پراسیکیوشن کا اہم کردار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں