فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سینٹرل چیئر مین آل کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن چوہدری خالد محمود چیمہ ،سر پرست اعلی چوہدری جاوید صادق کاہلوں سینئر وائس چیئر مین خالد عزیز مخی، وائس چیئر مین شیخ عامر نثار، سابق چیئر مین چوہدری محمد نواز نے پراپرٹی ٹرانسفر فیس کو 3فیصد سے کم کر کے 1فیصد کرنے کے بروقت اور کاروبار دوست فیصلے پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ایک بیان میںانہوں نے اس فیصلے کو وفاقی دارالحکومت میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کمی رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبوں کو نمایاں فروغ دے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف پالیسی میں تبدیلی نہیں ہے، یہ پورے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی اجتماعی کامیابی ہے، جس نے طویل عرصے سے کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے لیے ٹیکسوں اور چارجز کو معقول بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے پراپرٹی مارکیٹ کو مستحکم کرنے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے اور مقامی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اسلام آباد کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دینے میں مدد ملے گی، مارکیٹ کی سرگرمیوں کو متحرک کرے گی، اور پائیدار اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالے گی۔




