لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں سموگ کے ممکنہ اثرات سے طلبہ کو محفوظ رکھنے کے لیے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پری سموگ ایکشن پلان جاری کردیا۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے تمام سکولوں میں سموگ سے بچا کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جولائی سے ستمبر 2026تک نافذ کیے جانیوالے پلان کے تحت سکولوں میں غیر ضروری آئوٹ ڈور سرگرمیوں کو محدود کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم کے مطابق باہر ورزش یا ایکسرسائز سے قبل ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو لیول) چیک کیا جائے، جبکہ سموگ کے دوران طلبہ کو آئوٹ ڈور کھیلوں سے روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔غیر صحت مند ایئر کوالٹی انڈیکس والے علاقوں میں غیر ضروری سفر اور وزٹس سے گریز کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ سموگ کے دوران سکولوں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام سکول سربراہان کو طلبہ کو سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔




