فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرکمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیرصدارت پنجاب اربن لینڈ سسٹم انہاسمنٹ (پلس پراجیکٹ) کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے علاوہ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں ڈویژن بھر میں موضع جات کی ڈیجیٹلائزیشن اور مشترکہ اراضی کی تقسیم کے امور پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ139میں سے89موضع جات نوٹیفائیڈ ہوچکے ہیں۔کمشنر نے ڈیٹا انٹری کے لئے باقی ماندہ موضع جات کا موضع وائز ڈیٹا طلب اوراندراجات کے لئے ڈیڈ لائن دے د ی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کو ہفتہ وار پراگریس کا جائزہ لینے کی تاکید کی اور انہیں آگاہ رکھنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ ریکارڈ درستگی اور سکیننگ کے مراحل کو بھی مکمل جبکہ ڈپٹی کمشنرز سروس سنٹر انچارجز کو متحرک کریں۔کمشنر نے واضح کیا کہ پلس کے تحت تقسیم کے کیسز کو بھی ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اس ضمن میں تحصیلداروں /پٹواریوں کو ذمہ داریوں کا ادراک کرائیں۔انہوں نے کہا کہ پلس پراجیکٹ کے تحت عام آدمی کو سہولت کی فراہمی ترجیح ہونی چاہیے۔ آن لائن درخواستیں جمع کرانے والوں کو سروسز فراہم کریں اور نامنظور ہونے والے کیسز میں درخواست گزاروں سے رابطہ کرکے متعلقہ دستاویزات حاصل کریں اور ان کی درخواستوں کو نمٹا کر ریلیف دیں۔اجلاس میں ہاسنگ سوسائیٹیز مینجمنٹ سسٹم کے تحت سوسائیٹیز کی ای رجسٹریشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے اے سی آر کو منظور شدہ ہاسنگ سوسائیٹیز کی فہرست لیکر انہیں ای رجسٹریشن سسٹم میں لانے کا ہدف تفویض کیا۔بریفنگ کے دوران پراپرٹی سرٹیفکیٹ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنرز نے پلس پراجیکٹ کے باقی ماندہ اہداف کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔




