فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) امیدوار برائے صدر سبزی منڈی مہر محمد یوسف مست کی خصوصی کاوشوںسے پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی(PAMRA)نے ضلع فیصل آباد کی مختلف سبزی، فروٹ اور غلہ منڈیوں میں پہلے سے دیے گئے مارکیٹ انٹری فیس کے ٹھیکوں کے حوالے سے اہم فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ پامرا بورڈ کے 28جولائی 2026 کو ہونے والے 50ویں اجلاس کی منظوری کے بعد 30جولائی 2026کو جاری کیے گئے مرا سلے میں کیا گیا۔امیدوار برائے صدر سبزی منڈی مہریوسف کی خصوصی کاوشوں سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق فیصل آباد، جڑانوالہ اور سمندری کی متعدد منڈیوں میں پہلے سے جاری مارکیٹ انٹری فیس کے ٹھیکوں کو پارکنگ فیس کنٹریکٹس میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ نئے پارکنگ کنٹریکٹس میں موٹر سائیکل، اسکوٹر، ٹریکٹر ٹرالی، گدھا گاڑی اور لوڈر رکشہ سمیت دیگر گاڑیوں کی پارکنگ کو شامل کیا جائے گا، جبکہ کنٹریکٹ کی مالیت گزشتہ مالی سال کے پارکنگ اسٹینڈ کی آمدن کو مدنظر رکھتے ہوئے دوبارہ طے کی جائے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق فیصل آباد کی فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ جھنگ روڈ، فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ غلام محمد آباد، نیو گرین مارکیٹ ڈجکوٹ روڈ، جڑانوالہ کی فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ اور گرین مارکیٹ، جبکہ سمندری کی فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ اور گرین مارکیٹ کے انٹری فیس کنٹریکٹس کو پارکنگ فیس کنٹریکٹس میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب چک جھمرہ فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کے مارکیٹ انٹری فیس کنٹریکٹ کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ منسوخ ہونے والے کنٹریکٹس کی سکیورٹی یا ایڈوانس رقم، واجبات کی کٹوتی کے بعد متعلقہ ٹھیکیدار کو واپس کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ضلعی افسر پامرا اور متعلقہ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹیاں فوری طور پر پارکنگ اسٹینڈز کی دوبارہ نیلامی کا عمل مکمل کریں گی، جبکہ پارکنگ کا نیا شیڈول پنجاب مارکیٹ کمیٹیز ریگولیشنز 2026کے مطابق الگ سے جاری کیا جائے گا۔




