فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب بار کونسل کے انتخابات برائے 2025-30ء فیصل آباد کی چار نشستوں پر رانا معظم عباس ایڈووکیٹ ممبر قومی اسمبلی چنگیز احمد خان کاکڑ ایڈووکیٹ’ قیصر نذیر ساہی ایڈووکیٹ اور امتیاز احمد لونا ایڈووکیٹ کامیاب ہو گئے جبکہ ضلع ٹوبہ سے احتشام انور رائے ایڈووکیٹ’ ضلع جھنگ سے مشتاق احمد جٹ ایڈووکیٹ اور چنیوٹ سے ملک غلام عباس نسوانہ ایڈووکیٹ نے میدان مار لیا۔ امیدواروں کی جیت پر ان کے ووٹروں اور سپورٹروں کا جشن’ شہر میں جگہ جگہ ہوائی فائرنگ ہوتی رہی، پولیس اور ضلعی انتظامیہ خاموش۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد ضلع کی چار نشستوں پر 20 امیدوار میدان میں تھے، گزشتہ روز ہونیوالے انتخابات میں فیصل آباد ڈویژن میں 13211 ووٹرز جبکہ فیصل آباد ضلع میں 5975 ووٹرز نے اپنا حق رائے استعمال کیا۔ ضلع فیصل آباد میں پہلی مرتبہ پنجاب بار کونسل کا الیکشن لڑنے والے رانا معظم عباس ایڈووکیٹ نے سب سے زیادہ 3315 ووٹ لیکر ممبر پنجاب بار کونسل منتخب ہوئے جبکہ رکن قومی اسمبلی چنگیز احمد خان کاکڑ ایڈووکیٹ نے 2822 ووٹ لیکر مسلسل چوتھی مرتبہ پنجاب بار کونسل منتخب ہوئے، قیصر نذیر ساہی ایڈووکیٹ نے 2683اور امتیاز احمد لونا نے 2480 ووٹ لیکر ممبر پنجاب بار کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل چوہدری عبدالسلام ایڈووکیٹ نے 2161′ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار میاں انوار الحق نے 2065 ووٹ لے سکے۔ علاوہ ازیں دیگر امیدواروں میں چوہدری اختر علی ورک ایڈووکیٹ نے 705 ووٹ’ ارشد منیر گل ایڈووکیٹ کے 647 ووٹ’ ملک خالد پرویز کھوکھر ایڈووکیٹ نے 702ووٹ’ ملک خالد شفیق ایڈووکیٹ نے 389 ووٹ’ میاں مہران طاہر ایڈووکیٹ نے 1547 ووٹ’ میاں محمد افضال ایڈووکیٹ نے 74ووٹ’ رانا محمد اکرم خاں ایڈووکیٹ نے 100ووٹ’ محمد عمران امین گجرایڈووکیٹ نے 194ووٹ’ میاں محمد کلیم اختر ایڈووکیٹ نے 1297ووٹ’ محمد سرور جٹ ایڈووکیٹ نے 73ووٹ’ ریحانہ کوثر انصاری ایڈووکیٹ نے 324ووٹ’ رانا طارق محمود منج ایڈووکیٹ نے 324ووٹ’ میڈیم سکینہ چوہدری ایڈووکیٹ نے 430 اور چوہدری شہزاد بشیر چیمہ ایڈووکیٹ نے 2090ووٹ لے سکے۔ گزشتہ روز ہونیوالے پولنگ پُرامن ماحول میں ہوئی اور وکلاء نے اس میں بھرپور حصہ لیا۔ غیر حتمی نتائج کا اعلان ہوتے ہی جیتنے والے امیدواروں کے ووٹرز نے خوب ہلہ گلہ کیا۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور شہر بھر کے مختلف مقامات پر وکلاء کی جانب سے جیتنے والے امیدواروں کی خوشی میں ہوائی فائرنگ بھی ہوتی رہی۔




