لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے موجودہ مون سون صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ144نافذ کرتے ہوئے مختلف آ بی مقامات پر نہانے، تیراکی اور کشتی رانی پر پابندی عائد کر دی ہے۔محکمہ داخلہ کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کھلی جگہوں یا عوامی مقامات پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے پر دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ ڈیموں، دریا ں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں ہر قسم کی تیراکی پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔مزید برآں ، ڈیموں، دریاں، نہروں اور ڈسٹری بیوٹریز میں بلااجازت کشتی رانی پر بھی پابندی ہوگی۔ محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت ان تمام سرگرمیوں پر 60 روز کے لیے پابندی نافذ کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندیاں موجودہ موسمی حالات اور ممکنہ حادثات کے پیش نظر قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144 کے تحت عائد کی گئی ہیں۔سیکرٹری داخلہ نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ عوامی آگاہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق بھرپور تشہیری مہم بھی چلائی جائے۔




