لاہور (بیوروچیف) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبہ بھر میں لین لائن سسٹم پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام چیف ٹریفک افسران (سی ٹی اوز) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران (ڈی ٹی اوز) کو انفورسمنٹ مزید موثر بنانے اور عوامی آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے تمام پٹرولنگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ لین لائن کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کے لیے پٹرولنگ کو مزید موثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غلط لین میں گاڑی چلانے، بار بار لین تبدیل کرنے اور بغیر انڈیکیٹر استعمال کیے اوورٹیکنگ کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔محمد وقاص نذیر کے مطابق صوبہ بھر میں رواں سال لین لائن کی خلاف ورزی پر 6 لاکھ 27 ہزار سے زائد کارروائیاں کی جا چکی ہیں، جبکہ صرف لاہور میں 3 لاکھ سے زائد خلاف ورزیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لین لائن کی پابندی شہریوں کے تحفظ، ٹریفک کے بہتر بہا اور سڑک حادثات میں کمی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لین تبدیل کرتے یا اوورٹیکنگ کرتے وقت ہمیشہ انڈیکیٹرز کا استعمال کیا جائے تاکہ دیگر ڈرائیور بروقت صورتحال سے آگاہ رہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے موٹر سائیکل سواروں کو ہدایت کی کہ وہ ہمیشہ انتہائی بائیں لین میں سفر کریں اور ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی جان کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔




