پنجاب حکومت کا احسن اقدام،صحت کے شعبے میں تاخیری کلچر ختم

لاہور (بیوروچیف)وزیر اعلیٰ صحت اقدامات کے حوالہ سے پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق نے شرکت کی۔ خواجہ سلمان رفیق کو اجلاس کے دوران صحت کے مختلف پراجیکٹس کے مانیٹرنگ فریم ورک، سروس ڈلیوری اور مریضوں کی سہولت کی خاطر اٹھائے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران صحت کے نئے اور منفرد پراجیکٹس کے حوالہ سے پبلک فیڈ بیک کا بھی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فلیگ شپ پروگرامز میں شفافیت کو یقینی، سروس کا معیار بہتر بنانے اور مریضوں کی آسانی کیلئے بہترین مانیٹرنگ کی اہمیت پر زوردیا ہے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ پنجاب میں پہلی بار صحت کے شعبے میں تاخیری کلچر کو ختم کر دیا گیا ہے۔پنجاب کے اسپیشلائزڈ ہسپتالوں میں لاکھوں مریض مستفید ہوئے، سرجریز کی گیئں جبکہ اربوں روپے کی مفت ادویات تقسیم کی گئی ہیں۔ سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں اربوں روپوں کی مفت ادویات کی فراہمی کی گئی ہے۔ پنجاب میں وزیراعلیٰ اسپیشل انشی ایٹو برائے کینسر پیشنٹ کارڈ پر پیش رفت جاری ہے۔کینسر اور کارڈیک سرجری کے لئے بھی خصوصی پروگرام پر پیش رفت جاری ہے۔چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک صوبہ بھرمیں الحمداللہ 10,496 سے زائد معصوم بچوں کی اربوں روپوں کی لاگت سے بالکل مفت ہارٹ سرجریز کرچکے ہیں۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے 437، آزاد کشمیر سے 256، اسلام آباد سے 108، بلوچستان سے 29، گلگت بلتستان سے 36 جبکہ سندھ سے تعلق رکھنے والے 27 بچوں کی بالکل مفت کارڈیک سرجریز کی جا چکی ہیں۔چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت اب تک 1,282 ٹرانسپلانٹ کیے جا چکے ہیں، جن میں673 رینل ٹرانسپلانٹس، 351 کوکلیئر،212 لیور، 16 بون میرو جبکہ 30 کورنئیل ٹرانسپلانٹس بالکل مفت کر چکے ہیں۔ چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کے تحت اب تک 13 لاکھ 71 ہزار سے زائد مریضوں کے بالکل مفت ڈائیلسز کر چکے ہیں۔چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کے تحت ڈائیلسز کیلئے اب تک ہسپتالوں میں35,288 ہزار سے زائد مریض رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سو فیصد میرٹ پر ہزاروں نئے ڈاکٹرز و نرسوں کی بھرتی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد مختلف ہسپتالوں میں ایڈہاک کی بنیاد پر بھی ڈاکٹرز کی بھرتی کی جا رہی ہے۔ بہت جلد نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے اوپی ڈی بلاک کو فعال کر کے ہزاروں مریضوں کی زندگی بچانے کا عزم پورا کیا جائے گا۔ لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو بھی بہت جلد فنکشنل کرنے جا رہے ہیں۔ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ پنجاب کے 57 اسپیشلائزڈ ہسپتالوں کی پرفارمنس کا بھی اجلاس میں جائزہ لیا گیا ہے۔سرگودھا ڈویژن کے دل کے مریضوں کی سہولت کی خاطر نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو اپریل 2026 تک مکمل فعال بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری کو بھی ہر حال میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سی او او شمشاد خان، میاں منیب، حسنات احمد، سی ایف او بلال بٹ، مینیجرز و دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں