پنجاب سوشل سکیورٹی کی جانب سے فیڈمک میں محنت کشوں کیلئے بنیادی مرکز صحت قائم

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پنجاب سوشل سکیورٹی نے فیصل آباد کے معروف انڈسٹریل زون فیڈمک میں محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے بنیادی مرکز صحت قائم کر دیا ہے۔ اس مرکز صحت کا باضابطہ افتتاح کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی نے کیا۔افتتاحی تقریب میں میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر حمیرا بزدار، فیڈمک کے سی ای او میاں جمیل احمد، فرخ بشیر اور سوشل سکیورٹی میڈیکل اسٹاف کی کثیر تعداد شریک تھی۔ یہ مرکز صحت فیڈمک انڈسٹریل زون نے تعمیر کروایا ہے۔ جہاں سوشل سکیورٹی کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنے فرائض انجام دیں گے۔فیڈمک انڈسٹریل زون میں 200 سے زائد صنعتی یونٹس قائم ہیں جہاں 15 ہزار سے زائد محنت کش کام کرتے ہیں۔ ان محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو ایکسرے، لیبارٹری، ادویات اور دیگر علاج معالجے کی سہولیات اب ان کی دہلیز کے قریب دستیاب ہوں گی۔ مزید برآں کمشنر محمد علی نے سوشل سکیورٹی ہسپتال مدینہ ٹان فیصل آباد کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم این سی ایچ کے 100 بیڈز پر مشتمل ہسپتال کو مدینہ ٹان منتقل کیا جا رہا ہے اور پرانی عمارت کی جگہ نئی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی شام کی او پی ڈی میں مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔کمشنر محمد علی نے مزید کہا کہ فیصل آباد شہر میں سوشل سکیورٹی کے دو بڑے ہسپتال محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ پنجاب سوشل سکیورٹی محنت کشوں کو معیاری طبی سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے تحت ہسپتالوں کی ری ویمپنگ اور جدید طبی آلات کی خریداری جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں