فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر امین پوراور جڑانوالہ روڈ پر کریک ڈائون کیا۔ کارروائی کے دوران دو گوشت کی دکانوں کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا، ایک لاکھ پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ ایک مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ فروخت کے لیے رکھے گئے 105کلو گرام غیر معیاری گوشت اور 20کلو فنگس زدہ بیف پائے تلف کر دیئے گئے۔ معائنے کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات کی بھرمار پائی گئی جبکہ دکان مالکان کے پاس ضروری ریکارڈ، ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق فریش اور ایکسپائر فنگس زدہ گوشت کو ایک ہی جگہ اکٹھا سٹور کیا جا رہا تھا جبکہ میٹ سٹوریج ریکس کا ٹمپریچر مقررہ معیار کے مطابق نہیں تھا۔ سینئر ویٹرنری سپیشلسٹ نے تفصیلی معائنے کے بعد گوشت کو مضر صحت قرار دیا۔عاصم جاوید نے خبردار کیا کہ غیر معیاری اور ناقص گوشت کا استعمال موذی امراض کا باعث بنتا ہے اس لیے خوراک کے نام پر بیماریاں بیچنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل جاری ہے۔ شہری معیاری خوراک کے انتخاب میں احتیاط برتیں اور گھر میں تیار شدہ کھانوں کو ترجیح دیں۔




