لاہور( بیورو چیف)پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2025-26کے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 23ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کے لئے 86ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم رئوف نے کی ۔اجلاس میں جن منصوبوں کی منظور ی دی گئی ان میں راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں انڈر پاسز کی تعمیر کے لیے 6ارب روپے شامل ہے جس سے چیئرمین کراس، ریس کورس چوک اور آرمی قبرستان چوک میں انڈر پاسز تعمیر ہوں گے۔ اسکے علاوہ لاہور کے مختلف علاقوں میں انڈر گرائونڈ پارکنگ کے لیے 24ارب 69 کروڑ کی منظوری دی گئی ۔ منظور شدہ فنڈز سے ناصر باغ ، موچی گیٹ، شیراں والا گیٹ اور ٹیکسالی گیٹ میں انڈر گرانڈ پارکنگ تعمیر کی جائے گی۔ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے اپنے 23ویں اجلاس میں مختلف شہروں میں سیوریج اور طوفانی بارشوں کے ڈرینج سسٹم کی تعمیر کے لیے 54ارب کی منظوری بھی دی گئی جس سے ٹوبہ ٹیک سنگھ ، گوجرا ، بھکر، جڑانوالہ، کوٹ رادھا کشن، بہاولنگر اور خوشاب میں سیوریج اور ڈرینج سسٹم تعمیر ہوں گے۔ اسکے علاوہ پنجاب واٹر ریسورس مینجمنٹ میں پروجیکٹ ریڈینس فائنانسنگ فیسیلٹی کے لیے ایک ارب 27کروڑ، بورے والا میں سیوریج سسٹم اور فٹ پاتھ کی تعمیر کے لیے 8ارب 19کروڑ اور مری بھوربھن میں 50بستروں کے ہسپتال کی تعمیر کے لیے فیزیبلٹی سٹڈی کے لیے ایک کروڑ 39 لاکھ کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی رفاقت علی ، چیف اکانومسٹ مسعود انور،ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی شریک ہوئے۔




