لاہور(بیورو چیف) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ملاقات کی جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اقداما ت اور مجموعی گورننس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہر ضلعے اور ہر حلقے میں مساوی بنیادوں پر ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کر رہے ہیں جنہوں نے 60 شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی صورت میں گزشتہ 70 سال کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج دیا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ”ستھرا پنجاب”پروگرام کی کامیابی کی گونج نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان میں سنائی دے رہی ہے، اور یہ اقدام دیگر صوبوں کے لیے بھی ایک مثال بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف صحت، تعلیم اور سیوریج کے بوسیدہ نظام کو جدید، متحرک اور مؤثر نظام میں تبدیل کر رہی ہیں جو عوامی زندگی میں واضح بہتری لا رہا ہے ۔ انہوں نے الیکٹرو گرین بسوں کے آغاز کو ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ شہری ٹرانسپورٹ کے نظام میں بھی نمایاں بہتری لائے گا۔




