پنجاب میں گندم یا آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شاہ بہرام نے فیصل آباد ڈویژن اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ڈاکٹر مدثر جاوید نے ضلعی سطح پر گندم کی پیداوار، موجودہ ذخائر اور آٹے کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ہے۔دونوں افسرا ن نے واضح کیا کہ پنجاب میں گندم یا آٹے کا کوئی بحران ہے اور نہ ہی مستقبل میں ایسا کوئی خطرہ موجود ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بعض مخصوص مفاد پرست گروپس کی جانب سے بلاجواز شور مچایا جا رہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس سال کسانوں کو ان کی فصل کی بہترین قیمت مل رہی ہے اور عوام کے لئے رعایتی آٹے کی باقاعدہ اور مسلسل سپلائی جاری ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شاہ بہرام نے ڈویژن اور صوبائی سطح پر گندم کے مجموعی تناظر کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال صوبہ پنجاب میں ضرورت سے33 فیصد زائد گندم پیدا ہوئی ہے اور پنجاب کی یہ55 لاکھ ٹن سرپلس گندم باقی پاکستان کی غذائی ضروریات کو پورا کر رہی ہے۔ انہوں نے تاریخی ڈیٹا فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ1960 سے 2023 تک پاکستان نے مجموعی طور پر8 کروڑ 3 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کی جبکہ2020 سے 2023 تک مسلسل4 سالوں میں1 کروڑ 20 لاکھ ٹن گندم درآمد کی گئی۔ امسال پنجاب کے کسانوں کو فصل کے پہلے ہفتے میں3,200 روپے فی من، دوسرے ہفتے میں 3,500 روپے اور تین ہفتے بعد 3,800 روپے فی من ریٹ ملا جبکہ اس وقت مارکیٹ میں کسان کو 4,500 روپے فی من سے بھی زائد ریٹ مل رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں