جڑانوالہ(نامہ نگار)پنجاب پولیس میں سب انسپکٹرز کی ڈی پی سی ایک بار پھر تعطل کا شکار، اہلکاروں میں شدید بے چینی برقرار ، تفصیلا ت کے مطابق پنجاب پولیس کے سینکڑوں سب انسپکٹرز گزشتہ تقریبا نو ماہ سے اپنی محکمانہ ترقی (DPC) کے منتظر ہیں،تاہم مختلف انتظامی وجوہات کے باعث یہ عمل تاحال مکمل نہ ہو سکا۔اطلاعات کے مطابق ڈی پی سی کو ایلیٹ اورینٹیشن کورس سے مشروط کیے جانے کی تجویز نے اہلکاروں میں مزید تشویش پیدا کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق اس سے قبل ہونے والی ڈی پی سی میں 352 سے زائد انسپکٹرز کو ترقی دی جا چکی ہے،جن میں ایلیٹ کورس میں فیل ہونے والے افسران بھی شامل تھے۔ ان افسران کی کنفرمیشن بعد ازاں کورس سے مشروط کر دی گئی تھی، جسے ایک قابلِ عمل اور متوازن حل قرار دیا گیا۔متاثرہ سب انسپکٹرز کا موقف ہے کہ موجودہ ڈی پی سی میں بھی یہی طریقہ اختیار کیا جا سکتا ہے، تاکہ ایلیٹ کورس پاس کرنے والے اہلکار صرف انتظامی تاخیر کی وجہ سے اپنے جائز حق سے محروم نہ رہیں۔ان کا کہنا ہے کہ روزانہ فیلڈ ڈیوٹی کے دوران وہ انتہائی مشکل اور خطرناک حالات میں فرائض انجام دیتے ہیں، جبکہ مسلسل تاخیر ان کی پیشہ ورانہ حوصلہ شکنی کا سبب بن رہی ہے،اہلکاروں نے آئی جی پنجاب اور اعلیٰ پولیس قیادت سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ڈی پی سی جلد از جلد منعقد کی جائے۔ان کے مطابق اگر ایلیٹ اورینٹیشن کورس کو لازمی قرار دینا مقصود ہے تو ماضی کی طرح ترقی یافتہ افسران کی کنفرمیشن کو کورس کی تکمیل سے مشروط کیا جا سکتا ہے، تاکہ محکمانہ ترقی کا عمل مزید تاخیر کا شکار نہ ہو۔سب انسپکٹرز نے امید ظاہر کی ہے کہ پنجاب پولیس کی قیادت اپنے پیشہ ورانہ اور منصفانہ کردار کے مطابق اس اہم معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، تاکہ اہل افسران میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو اور محکمہ مزید موثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکے۔




