پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری کاموں کی رفتار کو تیز کرنیکا حکم

سرگودھا ( بیورو چیف)چیف سیکرٹری پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران کو مختلف انتظامی امور کے حوالے سے عمومی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریونیو و لینڈ ایڈمنسٹریشن کے نظام کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں اور جدید اصلاحات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رجسٹری نظام کی ڈیجیٹائزیشن، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس اور متعلقہ اصلاحاتی پروگرامز پر پیشرفت کو یقینی بنایا جائے جبکہ فیلڈ میں مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ پبلک ہیلتھ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں، بالخصوص آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے منظم حکمت عملی اپنائی جائے اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے۔ترقیاتی امور کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 22 مئی سے یکم جون تک چھٹیوں پر پابندی عائد ہوگی جبکہ 22 مئی کے بعد کسی قسم کی ضمنی گرانٹ جاری نہیں کی جائے گی۔ مون سون سیزن کے پیش نظر شہری و دیہی علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور تمام بڑے نالوں کی بروقت صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔جاری گندم خریداری مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ خریداری کے عمل کو مکمل شفاف اور میرٹ پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسانوں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی یا کٹوتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہ کر مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں کی تیاریوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور وہاں بنیادی سہولیات کی فراہمی، بجلی کی بلاتعطل سپلائی اور واٹر پمپنگ اسٹیشنز کی فعالیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ جاری احکامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں