پنجاب کی تمام طبی درسگاہوں کیلئے یکساں پالیسی لانا چاہتے ہیں،وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا 16واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقد ہو ا۔ اجلاس میں وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ظفر علی چوہدری، ایڈ یشنل سیکرٹری سدرہ سلیم، ڈائریکٹر بجٹ اینڈ اکاونٹس حماد الرب نے شرکت کی۔ اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی الیاس چنیوٹی، میڈیکل سپرنٹنڈ نٹ ڈاکٹر فہیم اشرف و مخیر حضرات موجود تھے۔وائس چانسلرنے ادارہ جاتی امور پر بر یفنگ دی، میڈ یکل سپرنٹنڈ نٹ نے ہسپتال امور سے آگاہ کیا۔وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے پروفیسر محمد اشرف و دیگر محکمہ جات کے افسران و سینڈیکیٹ ممبران نے شرکت کی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران مختلف ایجنڈاز کے مندرجات پیش کئے گئے۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے 15 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے منٹس کی منظوری دے دی گئی۔صوبائی وزیر صحت نے طبی تعلیم اور صحت سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں الائیڈ ون ہسپتال اور الائیڈ ہسپتال ٹو فیصل آباد کیلئے سیکیورٹی و جینیٹوریل سروسز کے کنٹریکٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصل آباد ٹیچنگ ہسپتال فیصل آباد کیلئے جینیٹوریل سروسز کے کنٹریکٹ کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کیلئے لیب کٹس اور لیکوئیڈ آکسیجن کی خریداری،مختلف پوسٹوں پر یونیورسٹی ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع، شعبہ ڈرماٹولوجی اور میڈیکل ریڈیولیجیکل ڈائیگنازز میں پوسٹ گریجویٹ کی سیٹوں میں اضافے کی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کی تمام طبی درسگاہوں کے معاملات کے حل کیلئے یکساں پالیسی لانا چاہتے ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے معاملات کے حل کیلئے طبی درسگاہوں کے سینڈیکیٹ اجلاس متواتر کروانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔عوام کے ٹیکسوں سے بنائے گئے سرکاری ہسپتالوں کو صحت کی بہترین علاج گاہیں بنانا ہمارا عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تمام طبی درسگاہوں کو معیاری ریسرچ پروان چڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور چلڈرن ہسپتال فیصل آباد کا دورہ بھی کیا۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود اور چیئرمین وزیر اعلی پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ایم ایس چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر عامر نوید و دیگر ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے صوبائی وزیر نے وزیر اعلی پنجاب ایڈلٹ کارڈک سرجری(CM ADULT CARDIAC SURGERY) پروگرام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر،ایم ایس ایف آئی سی ڈاکٹر ندیم سمیت سرجن ڈاکٹرز و دیگر افسران موجود تھے۔اجلاس میں لاہور، ساہیوال، ملتان، راولپنڈی، بہاولنگر،گوجرانوالہ،رحیم یار خاں سمیت دیگر شہروں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے آن لائن شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ فیصل آباد میں 800 سے زائد ماہانہ کیسز کئے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر نے انجیو گرافی اور ایم آر آئی کی مشینیں بھی جلد دینے کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس کے بعد ہسپتال کے مختلف وارڈ میں بھی گئے۔صوبائی وزیر نے نرسری، نیوناٹالوجی، پیڈیاٹرک ہیماٹالوجی و آنکالوجی، پیڈیاٹرک گیسٹروانٹرالوجی اور نیورومیٹابالک وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج معالجہ کے معیار کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور والدین سے ملاقات کی اور والدین سے علاج و معالجہ کی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔صوبائی وزیر نے بچوں کے علاج میں بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو طبی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی تاکیدکی۔انہوں نے ایم ایس چلڈرن ہسپتال کو مریضوں کی دیکھ بھال میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بچوں کو معیاری اور بروقت علاج کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ہسپتالوں میں دورہ کرنے کا مقصد طبی سہولیات کا جائزہ لینا اور علاج و معالجہ کا معیار بہتر بنانا ہے۔مریضوں کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک 12 ہزار سے زائد بچوں کی ہارٹ سرجریز کی جا چکی ہیں۔پنجاب میں رواں سال کے دوران 16 لاکھ مریضوں کو مفت ڈائلیسز کی سہولت فراہم کی گئیں۔سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔سیشلائزڈ ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو علاج معالجے کی بلا تعطل فراہمی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں نئے ہسپتال کی تعمیر تیزی سے جاری، فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر مریضوں کا دبا کم کرنے میں مدد ملے گی۔فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں جدید ایم آر ائی مشینوں کی تنصیب کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہیں۔ پنجاب کے کارڈیک انسٹی ٹیوٹس کی صلاحیت میں اضافے کیلئے کوشاں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں