پشاور (بیوروچیف) ہنگو کے علاقے شاہو روڈ قاضی تالاب میں پولیس چیک ٰپوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں3اہلکار شہید ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ہنگو کے علاقے تھانہ سٹی کی حدود میں واقع قاضی تالاب چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے اچانکفائرنگ کرکے حملہ کردیا ۔ ڈی پی او خان زیب خان کے مطابق حملے کے دوران 3 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے ۔ چیک پوسٹ پر تعینات پولیس جوانوں نے نہایت بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ تاہم دہشت گردوں کو ہونے والے ممکنہ نقصانات کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل ازوقت ہے ۔واقعے کے فورا بعد شہدا کی میتوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ وزیر اعلی خیبرپختونخوانے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہیاور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔




