پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ہر تھانہ6یونٹس میں تبدیل

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین نے ضلع بھر میں پولیس کی کارکردگی کو مزید موثر، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تھانوں کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ضلع کے ہر تھانے کو اب چھ الگ الگ یونٹس میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ ایس ایچ اوز کے اختیارات بھی محدود کر دیے گئے ہیں تاکہ ہر شعبہ اپنی مخصوص ذمہ داری کے مطابق بہتر انداز میں کام کر سکے۔ذرائع کے مطابق نئے نظام کے تحت انویسٹی گیشن یونٹ کو آپریشن ونگ سے مکمل طور پر الگ کر دیا گیا ہے۔ اس یونٹ کا عملہ صرف مقدمات کی تفتیش، شواہد اکٹھا کرنے اور قانونی کارروائی تک محدود رہے گا، جبکہ اسے گشت یا دیگر آپریشنل ذمہ داریوں میں شامل نہیں کیا جائے گا۔پولیس گشت کو مزید موثر بنانے کے لیے ہر تھانے میں پٹرولنگ یونٹ قائم کیا گیا ہے، جو دو شفٹوں میں اپنے اپنے علاقوں میں مسلسل گشت کے فرائض سرانجام دے گا تاکہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے، خواتین اور بچوں کے خلاف سنگین جرائم کی موثر تفتیش کے لیے ایس ایس آئی او یونٹ تشکیل دیا گیا ہے، جو ریپ، زیادتی اور اغواء جیسے حساس مقدمات کی تحقیقات کرے گا۔ اس یونٹ کے لیے الگ دفاتر، گاڑیاں اور خصوصی عملہ بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ متاثرین کو بہتر اور بروقت انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ اسی طرح ایڈمنسٹریشن یونٹ میں محرران، ریکارڈ کیپرز اور فرنٹ ڈیسک کا عملہ شامل ہوگا، جو تھانے کے دفتری امور، ریکارڈ کی حفاظت اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر بنائے گا۔پانچواں سیکیورٹی یونٹ اپنے متعلقہ علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال کی نگرانی اور بہتری کے لیے ذمہ دار ہوگا، جبکہ چھٹا کرائم کنٹرول یونٹ ہنگامی صورتحال، بڑے جرائم، ریڈز اور خصوصی کارروائیوں کی ذمہ داریاں ادا کرے گا، جس کی نگرانی براہ راست ایس ایچ او کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام یونٹس کی مجموعی نگرانی متعلقہ ڈویژنل ایس پیز کریں گے، جبکہ اس نئے نظام کا مقصد پولیس کے مختلف شعبوں میں ذمہ داریوں کی واضح تقسیم، تفتیش کے معیار میں بہتری، جرائم پر موثر کنٹرول اور شہریوں کو بہتر پولیس سروسز فراہم کرنا ہے۔ تاہم اس نظام کی کامیابی کا انحصار نفری، وسائل اور موثر نگرانی پر ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں