پولیو کا خاتمہ ہمارا عزم،پولیو ورکر ہمارے ہیرو،وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیو کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں پنجاب سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے والدین اور کمیونٹی سے انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔مریم نواز شریف نے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پولیو ورکرز کو قوم کے ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیو سے مکمل نجات اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے والدین سمیت ہر فرد کا بھرپور تعاون نہایت ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیو ویکسین سے انکار دراصل بچوں کے بہتر اور محفوظ مستقبل سے انکار ہے، انسدادِ پولیو کے قطرے محفوظ اور موثر ہیں اور بچوں کی زندگی اور صحت کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں، انہوں نے والدین پر زور دیا کہ پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران ویکسین کے دو قطرے لازمی پلوائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے رواں برس پنجاب میں پولیو کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا، صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور محکمہ صحت متحرک ہیں، جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں باقاعدگی سے انسدادِ پولیو مہم چلائی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم کے تحت صوبے کے 13حساس اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے ہیں، پولیو وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے صوبے بھر میں ماحولیاتی نمونوں کی مسلسل جانچ بھی کی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق ملک بھر کے ساتھ پنجاب کے منتخب اضلاع میں 2سے 8نومبر 2026تک جاری رہنے والی ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، مہم کی نگرانی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ ٹیمیں، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور ضلعی انتظامیہ اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے، تاہم پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل اور ہمہ جہت کوششیں ناگزیر ہیں، غفلت کی صورت میں پولیو کے دوبارہ پھیلنے کا خدشہ موجود رہتا ہے۔انہوں نے والدین، طبی عملے، پولیو ورکرز اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے اور صحت مند مستقبل یقینی بنانے کے لیے انسدادِ پولیو مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں